افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں سڑک پر نصب بم پھٹنے سے2 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔

127

کابل(صباح نیوز)افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں سڑک پر نصب بم پھٹنے سے2 امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔امریکی فوج کے ترجمان جنرل چارلس کلیولینڈ کے مطابق یہ فوجی اہلکار مرکزی شہر جلال آباد کے مضافات میں ہوائی اڈے کے قریب معمول کے گشت پر تھے کہ گاڑی سڑک پر نصب ایک بم سے ٹکرا گئی۔ایک بیان میں جنرل چارلسکا کہنا تھا کہ یہ واقعہ ہفتے کو علی الصبح پیش آیا۔ زخمیوں کو جائے وقوع سے طبی امداد کے لیے جلال آباد کے فضائی اڈے پر منتقل کر دیا گیا۔امریکی
خبر رساں ایجنسی کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال افغانستان میں اب تک 7امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔علاوہ ازیں افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 3 افغان پولیس اہلکار مارے گئے۔ ہفتے کوصوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ میوند ضلع میں جمعہ کو رات گئے پیش آیا جس میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تاہم نام ظاہر کیے بغیر بعض افغان حکام کی طرف سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ مرنے والے افغان پولیس اہلکاروں کی تعداد 20 ہے۔اس بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے لیکن پہلے بھی اکثر جانی نقصان کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ دوسری جانب ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ قندھار میں ضلع شاہ ولی کوٹ میں بچوں کو ملنے والے ایک بم کے پھٹ جانے سے کم از کم 3 بچے ہلاک اور4 زخمی ہوگئے۔