ترک دارالحکومت انقرہ کے قریب میں ایک پولیس آپریشن کے دوران 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

109

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک دارالحکومت انقرہ کے قریب میں ایک پولیس آپریشن کے دوران 2 خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ترک میڈیا کے مطابق پولیس نے جب انہیں خود کو پولیس کے حوالے کرنے کو کہا تو انہوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری کار کو دھماکے سے اڑا دیا۔ گورنر انقرہ نے بتایا ہے کہ ضلع دیار باقر سے ملنے والی ایک مخبری کی روشنی میں پولیس نے انقرہ کے ہائمانہ روڈ پر واقع ایک فارم ہاؤس میں دہشت گردوں کا تعین کر لیا تھا اور جب پولیس نے انہیں اپنے آپ کو قانون کے حوالے کرنے کا کہا تو انہوں نے اپنے جسموں پر باندھے بم دھماکے سے اڑا دیے۔ دونوں دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے جبکہ ایک تیسرے دہشت گرد کی موجودگی کا بھی شبہہ پایا جاتا ہے۔ تلاشی کے دوران 200 کلو گرام امونیم نائٹریٹ اور پلاسٹک دھماکا خیز مواد کو برآمد کیا گیا ہے۔ گورنر انقرہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گردوں کا PKK سے تعلق ہونے کا قوی احتمال ہے۔