اسلام آباد ( صباح نیوز) قائمہ کمیٹی میں حافظ سعید کے خلاف ریمارکس پر پاکستان کونسل نے احتجاج کیا ہے‘قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں پاک بھارت کشیدگی پر بحث کے دوران
جماعت الدعوۃ کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید کے خلاف متنازع الفاظ کی ادائیگی کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال پر مشاورت کے لیے آج اتوار کو اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے‘ اجلاس جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور دفاع پاکستان کونسل اسٹیرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ کی صدارت میں ہوگا۔ اس ساری صورتحال پر غور کے لیے دفاع پاکستان کونسل کا اجلاس آج ہورہا ہے ۔دفاع پاکستان کونسل اسٹیرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ نے حکمران جماعت کے رہنما کی جانب سے محب دین، محب وطن اور مجاہد رہنما پروفیسر حافظ محمد سعید کے خلاف نازیبا الفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے موقف کے مطابق عمران خان کا پارلیمنٹ سے بائیکاٹ بھارت کو تقویت دینے کے مترادف ہے لیکن حکمران جماعت پروفیسر حافظ سعید کے خلاف باتیں کرکے براہ راست نریند رمودی کے موقف کو کیوں صحیح ثابت کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہادت امام حسینؓ کا پیغام قیامت تک یزیدیت کے پیروکاروں کے خلاف حق کی بنیاد پر جدوجہد ہے۔