مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیوں اور لازوال جدوجہد کے نئے پر عزم دور میں پاکستان کے سیاسی محاذ ،پارلیمنٹ میں دنگا فساد ،قومی اتفاق رائے کی بجائے انتشار اور سیاسی و جمہوری قائدین کے ایک دوسرے کے بارے میں نازیبا اور توہین آمیز ریمارکس بڑا المیہ اور خود جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک ہیں،ماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور دفاع پاکستان کونسل اسٹیرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ

123

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل اور دفاع پاکستان کونسل اسٹیرنگ کمیٹی کے چیئر مین لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے بے مثال قربانیوں اور لازوال جدوجہد کے نئے پر عزم دور میں پاکستان کے سیاسی محاذ ،پارلیمنٹ میں دنگا فساد ،قومی اتفاق رائے کی بجائے انتشار اور سیاسی و جمہوری قائدین کے ایک دوسرے کے بارے میں نازیبا اور توہین آمیز ریمارکس بڑا المیہ اور خود جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک ہیں۔ جمہوری دور میں اہل جمہوریت ا یسی حرکات سے باز آجائیں جس سے جمہوریت پر شب خون مارنے کے راستے کھلتے
ہوں۔لیاقت بلوچ نے حکمران جماعت کے رہنما کی جانب سے محب دین،محب وطن اور مجاہد رہنما پروفیسر حافظ محمد سعید کے خلاف نازیباالفاظ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے موقف کے مطابق عمران خان کا پارلیمنٹ سے بائیکاٹ بھارت کو تقویت دینے کے مترادف ہے لیکن حکمران جماعت پروفیسر حافظ سعید کے خلاف باتیں کرکے براہ راست نریند رمودی کے موقف کو کیوں صحیح ثابت کرنا چاہتی ہے۔سیاسی جماعتوں کے قائدین اور نمائند گان کی بے لگامی ماحول میں شدت اور انتشار پیدا کررہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس (آج) 9اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔ ملک میں قومی وحدت، یکجہتی اور اتفاق رائے کے خلاف سازشوں کے سد باب اور بھارتی جارحانہ حکمت عملی روکنے کے لیے عوام کو متحر ک ،بیدار اور یک جان رکھنے کا لائحہ عمل بنایا جائیگا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ شہادت امام حسینؓ کا پیغام قیامت تک یزیدیت کے پیروکاروں کے خلاف حق کی بنیاد پر جدوجہد ہے۔حق اور باطل کی کشمکش قیامت تک جاری رہے گی۔باطل قوتیں ہمیشہ انتشار اور دہشت گردی و ظلم کا ماحول گرم کرتی ہیں۔حق غلبے اور باطل مٹ جانے کے لیے ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلمانوں کے تمام مسالک رسولؐ سے عشق اور خانودۂ رسول ؐ واہل بیتؓ کا احترام و عقیدت رکھتے ہیں۔ماہ محرم الحرام اور یوم عاشور کے موقع پر امن ،اتحاد اور باہمی احترام قائم رکھناسب کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ان شاء اللہ ملی یکجہتی کونسل امن کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ مثبت تعمیری کردار ادا کرے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلامی اور خوشحال پاکستان عوام کی خواہش اور منزل ہے۔عوام نظریاتی ،معاشی اور انتخابی کرپشن کے خلاف متحد ہو جائیں۔اس موقع پر معززین ،تاجر برادری کے نمائندؤں ،نوجوانوں اور سیاسی کارکنان نے جماعت اسلامی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔دریں اثنا ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر ڈاکٹر محمد زبیر ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور نائب صدر پیر ہارون گیلانی ، پیر عبدالرحیم نقشبندی ، سید نیاز حسین نقوی ، ابتسام الٰہی ظہیر ، حافظ عاکف سعید اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ثاقب اکبر ، سید ضیاء اللہ شاہ نے جماعت اہلسنت کے امیر علامہ تراب الحق کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔