عراق کو فرقہ واریت سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، سعودی عرب

261

سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ عراق کو فرقہ واریت سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں ،بغداد کے ساتھ مل کر تمام مسائل کے حل کی کوششیں کرتے رہیں گے ۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنے اپنے اردنی ہم منصب ناصر جودہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ عراق میں سرگرم الحشد الشعبی ملیشیا محض فرقہ وارانہ سازشوں کیفروغ کے لیے قائم کردہ تنظیم ہے جس کی قیادت ایران کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عراق کی وحدت اور سلامتی کا حامی ہے اور پڑوسی ملک عراق میں دہشت گردی کی کسی بھی سازش کی حمایت نہیں کرتا۔عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اردن کے درمیان دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کئی سال سے اتحاد قائم ہے۔

اس موقع پر اردنی وزیرخارجہ ناصر جودہ نے کہا کہ عمان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کومزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دہشت گرد اسلام کو بدنام کررہے ہیں مگر اردن اسلام کو بدنام کرنے کی سازشوں کو پوری قوت سے مقابلہ کرے گا۔ فرقہ واریت کے زور پکڑنے کے خلاف ہیں۔