مسلمانوں کے اندر اتحادو یکجہتی کے فروغ کی کوششیں خوش آئند ہے ،حافظ نعیم

144

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے اندر اتحادو یکجہتی کے فروغ کی کوششیں خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے امتِ رسول ؐ مارچ کے سلسلے میں جمعہ کے روز جامعۃ رشید کے مہتمم مفتی عبد الرحیم سے گلشنِ معمار احسن آباد میں ملاقات کی اور ان کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی ۔

مفتی عبد الرحیم نے حافظ نعیم الرحمن سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ شام اور برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور مظلومین کی حمایت اور اتحاد و امت کے اظہار کے لیے جماعت اسلامی کے تحت اتوار یکم جنوری ہو نے والے ’’امتِ رسول ؐ مارچ ‘‘ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ مسلمانوں کے اندر اتحادو یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کی جانے والی کوششیں خوش آئند ہیں اور وقت کی ضرورت ہے کہ شام کے علاقے حلب اور برما کے اندر روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کو ہر سطح پر اُٹھایا جائے۔

ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر برجیس احمد ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا عبدالوحید اور دیگر بھی موجود تھے ۔مفتی عبد الرحیم نے مزید کہا کہ مسلمان حکمرانوں کے اندر موجودہ بے حسی اور خاموشی افسوسناک ہے ۔اسے فی الفور ختم کر نے کی ضرورت ہے ۔

مسلم عوام اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں انہیں متحد ،منظم اور متحرک کر نے کے ساتھ ساتھ درست سمت دینے کی ضرورت ہے ۔امتِ رسول ؐ مارچ ان کو ششوں میں یقیناً ممدو معاون ثابت ہو گا۔ ہر کلمہ گُو مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے اور مارچ کو کامیاب بنایا جائے ۔دعا ہے کہ اللہ ان کوششوں میں کامیابی اور برکت عطا فرمائے ۔