مشیرقومی سلامتی امورناصر جنجوعہ سےبرطانوی سفیر تھامس ڈریو نے ملاقات کی اور پاک برطانیہ تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد میں مشیرقومی سلامتی امورناصر جنجوعہ سےبرطانوی سفیر تھامس ڈریو نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے اور مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے مشیرقومی سلامتی امورناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مستقل امن کا خواہاں ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پائیدارامن خطےمیں خوشحالی کیلیے ضروری ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں جاری سیاسی مفاہمتی عمل پرتعمیری سوچ اپنانا ہوگی۔ مشیرقومی سلامتی امور کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے پاکستان سے متعلق منفی بیانات سےاُن قوتوں کوفائدہ حاصل ہوگاجوافغانستان میں امن نہیں چاہتیں ہیں۔
اس موقع پر برطانوی سفیر تھامس ڈریو کاکہنا تھا کہ برطانیہ کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہاں ہے۔