سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے قطیف میں ایک عدالت کے جج شیخ محمد الجیرانی کے اغوا کے الزام میں تین مشتبہ افراد کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات سے ان تینوں مشتبہ ملزموں کے جرم سے براہ راست تعلق کا پتا چلا ہے۔بیان میں اغوا کاروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ جج کو کسی قسم کے نقصان پہنچانے سے گریز کریں اور انھیں غیرمشروط اور فوری طور پر رہا کردیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے ریاض میں ایک کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں گرفتار افراد کا داعش سے کوئی تعلق ہے اور نہ ان کے بیرون ملک کوئی روابط تھے۔سعودی حکومت نے جج کی بازیابی میں معاون اطلاع فراہم کرنے والے شخص کو دس لاکھ ریال انعام کے طور پر دینے کا اعلان کررکھا ہے۔