سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنالیے۔ قومی ٹیم کی جانب سے یونس خان 136 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے جب کہ قومی ٹیم کو فالو آن سے بچنے کے لئے مزید 67 رنز درکار ہیں۔ سڈنی ٹیسٹ کے تیسرے روز تیز بارش کے سبب پہلے سیشن میں ایک بھی اوور نہ کروایا جاسکا، کھانے کا وقفہ ختم ہونے کے بعد پاکستان نے 2وکٹ پر 126رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
یونس خان اور اظہر علی محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کا ٹوٹل 152 تک پہنچایا تھا کہ دونوں بیٹسمینوں میں غلط فہمی کے سبب تیسری وکٹ کیلئے 146رنز کی اہم شراکت کا خاتمہ ہوگیا، مچل سٹارک کے شاندار تھرو پر اظہر علی 71 پر رن آؤٹ ہوگئے، کپتان مصباح الحق نے 18 رنز بنانے کے بعد ناتھن لیون کو مڈوکٹ پر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں متبادل فیلڈر جیکسن برڈ کو کیچ تھمادیا، اس وقت پاکستان کا مجموعہ 178 تھا۔ اسد شفیق صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اسٹیو اوکیفے کی گیند پیٹر ہیڈز کومب کے گلوز سے پھسلی تو پہلی سلپ میں موجود اسٹیون اسمتھ نے ڈائیو لگاکر قابوکرلی۔
اگلے ہی اوور میں یونس خان نے اپنی سنچری 208 گیندوں پر مکمل کرلی، اسی اوور میں پاکستان کے 200 رنز بھی مکمل ہوئے، کینگروز نے نئی گیند لی تو مشکلات کا شکار نظر آنے والے نئے بیٹسمین سرفراز احمد نے گلی میں موجود جیکسن برڈ کو آسان کیچ دیدیا، انہیں 18 پر میدان بدر کرنے والے بولر مچل اسٹارک تھے، محمد عامر صرف4 رنز بناکر ناتھن لیون کا شکار بنے، مڈ آف پر ڈیوڈ وارنر نے کیچ لیا، وہاب ریاض نے 8 رنز پر ناتھن لیون کی آف اسپن سے دھوکا کھاتے ہوئے بولڈ ہوکر پویلین کی راہ لی، دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 8 وکٹ پر 271 رنز بنائے تھے۔
یونس خان 136 اور یاسرشاہ 5 پر ناٹ آؤٹ ہیں، پہلی اننگز میں 267 کا خسارہ باقی اور فالوآن سے بچنے کیلیے اب بھی 67رنز درکار ہیں۔ ناتھن لیون 3، جوش ہیزل ووڈ 2، مچل سٹارک اور اسٹیواوکیفے ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ یاد رہے کہ کینگروز نے 8وکٹ پر 538 رنز بناکر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 113، میٹ رینشا نے 184 اور پیٹر ہینڈ کومب نے 110 رنز اسکور کئے تھے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں وہاب ریاض نے 3، عمران خان اور اظہر علی نے 2، 2 جب کہ یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔