خاتون کی ایک گھنٹے میں ٹریفک قوانین کی 19 بارخلاف ورزی

175

متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز دبئی میں یورپی ملک سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈرائیور نے ایک گھنٹے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ ہی توڑ ڈالے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق بار بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب غیرملکی خاتون ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لیا تو اس نے کہا کہ وہ نفسیاتی دباؤ کا شکار ہے اور اس کا موڈ خراب ہے۔دبئی ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مہیر المزروعی نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون کو ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان مرکزی شاہراہ الشیخ زاید پر 220 سے 240 کلو میٹر کی رفتار سے گاڑی چلانے پر کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک قانون کی بار بار خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اسے پوچھ تاچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ خاتون کا کہنا تھا کہ اس کا موڈ خراب تھا اور وہ اپنا نفسیاتی معائنہ کرانے ہسپتال جانا چاہتی تھی۔مقامی اخبار کے مطابق ایک گھنٹے میں 19 بار ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان کا یہ منفرد واقعہ ہے۔ یہ اس لیے بھی دلچسپ ہے کہ اس خلاف ورزی کی مرتکب ایک خاتون ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ دبئی ٹریفک پولیس کے مطابق گذشتہ ماہ ٹریفک کے 2765 واقعات پیش آئے جن میں 184 افراد ہلاک اور 1830 زخمی ہوگئے تھے۔