خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں27فیصد کا اضافہ

181

نومبر2016ء کے دوران خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں27فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 400.8 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں اکتوبر کے بعد نومبر کے دوران خدمات کے شعبہ کی ملکی برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ خدمات کا شعبہ قومی معیشت کی ترقی میں بنیادی اہمیت کا حامل شعبہ ہے اور مالی سال 2005-06ء کے دوران مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں خدمات کے شعبہ کا حصہ56 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا جو مالی سال2014-15ء تک 57.7 فیصد تک بڑھ چکا ہے۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال2016-17ء کے پہلے پانچ ماہ کے دوران خدمات کے شعبہ کی قومی درآمدات میں0.85 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اورجولائی تا نومبر2016ء کے دوران شعبہ کی درآمدات کا حجم 3.422ارب ڈالر تک کم ہوگیا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران درآمدات کا حجم 3.452 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال2015-16ء کے دوران اس سے گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں خدمات کے شعبہ کی ملکی درآمدات میں 11فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مالی سال2015-16ء میں شعبہ کی درآمدات7.874 ارب ڈالر رہی تھیں جبکہ مالی سال 2014-15ء کے دوران شعبہ کی درآمدات 8.843 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں کمی اور برآمدات کے فروغ سے ملکی معیشت کے ترقی کے اہداف کے حصول میں معاونت حاصل ہوگی۔