وٹامن کی گولیاں مضر صحت

351

برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وٹامن کی گولیاں اورسپلیمنٹ صحت کو فائدہ پہنچانے کے بجائے مختلف امراض میں مبتلا کرسکتے ہیں۔

نیوکیسل یونیورسٹی کے ماہرین کی جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن اور سپلیمنٹ میں سے چند ایک مفید ہیں لیکن بیشتر کے مسلسل استعمال سے خطرناک بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سبزیاں کھائیں، خوب پانی پیئیں، ورزش کریں اور وٹامن کی گولیوں سے پرہیز کریں۔ 25 سال یا اس سے زیادہ عمر کی 39 ہزار خواتین پر کیے گئے ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ ملٹی وٹامن کی گولیوں کا پابندی سے استعمال، ناگہانی موت کے خدشات میں اضافہ کردیتا ہے تاہم وٹامن ڈی جسم میں کیلشیم جذب ہونے کا عمل بہتر بناتے ہوئے ہماری ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ بیشتر غذاؤں میں موجود نہیں ہوتا۔

گولیوں یا سپلیمنٹ کی شکل میں وٹامن ڈی کا روزانہ استعمال مفید ہے اور اس کی صرف 10 ملی گرام مقدار کافی ہوتی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سپلیمنٹ عام طور پر گولیوں کی شکل میں آتے ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ جلد پر جھریاں پڑنے سے لے کر عمر رسیدگی کے اثرات تک سے بچاتے ہیں لیکن انہیں فروخت کرنے والی کمپنیاں کبھی یہ نہیں بتاتیں کہ اینٹی اکسیڈینٹس کے کا زیادہ استعمال سے مختلف اقسام کے کینسر میں بھی مبتلا ہو سکتے ہیں۔

ماہرین نے مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولیوں کے بجائے رس دار پھلوں کے استعمال کریں ۔ نزلہ، زکام اور کھانسی میں وٹامن سی لینے سے کوئی افاقہ نہیں ہوتا یہ دورِ جدید میں سائنس کے نام پر پھیلائی گئی غیر مصدقہ بات ہے۔