بھارت، سیلفی فیور نے مزید 2افراد کی جان لے لی

167

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں2 نوجوان ریلوے پٹری پر سیلفی لیتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں نوجوانوں کا ایک گروہ شہر کے مشرقی حصے میں ٹرین کی پٹریوں کے نزدیک سامنے سے آنے والی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے گیا تھا۔لیکن سیلفی لیتے ہوئے دو لڑکے بروقت پٹری سے ہٹنے میں ناکام رہے اور ٹرین کے نیچے کچلے گئے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکوں نے سامنے سے آنے والی ٹرین کو دیکھتے ہوئے خود کو دوسری جانب کر لیا لیکن وہ دوسری طرف سے آنے والی ٹرین کو نہ دیکھ سکے اور اس کے نیچے آ گئے۔ریلوے پولیس کے اہلکار نے بتایا کہ ان نوجوانوں نے ان تصاویر کے لیے پروفیشنل کیمرہ کرائے پر لیا تھا۔ریلوے پولیس کے ڈپٹی کمشنر پرویز احمد نے کہا کہ ہم نے ان لڑکوں کے زیر استعمال کیمرہ ضبط کر لیا ہے۔

ان میں تصاویر اور ویڈیو دونوں شامل ہیں اور ویڈیو کو ہم نے مزید تحقیق کے لیے بھیج دیا ہے۔ تصاویر سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ لڑکے ایک پٹری سے دوسری پٹری پر چھلانگیں لگا رہے تھے۔گذشتہ دو سالوں میں بھارت میں سیلفی لیتے ہوئے کئی اموات ہوئی ہیں۔

پچھلے سال شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 2014-15 میں دنیا بھر میں سیلفی لیتے ہوئے 127 اموات ہوئی ہیں جن میں سے 76 بھارت میں ہوئی تھیں۔ممبئی پولیس نے شہر میں 15 مقامات کو خطر ناک قرار دیا ہے جہاں پر سیلفی لینا جان جوکھوں کا کام ہو سکتا ہے۔پاکستان میں بھی حال ہی میں سیلفی لیتے ہوئے کئی حادثات رونما ہو چکے ہیں۔