پہلگام میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو حریت رہنماؤں کا شاندار خراج عقیدت

147

مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی، محمد یاسین ملک اور شبیر احمد شاہ سمیت حریت رہنماؤں نے پہلگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں عادل احمد ریشی، عابد احمد شیخ اورمسعود احمد شاہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سرفروشوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے شہید نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی ہے جس کی وجہ سے جموں وکشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے اور اس خطے میں غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے شہید نوجوانوں کے جلوس جنازہ سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم ان شہداء کی مقروض ہے اور وہ ہم پر یہ اہم ذمہ داری ڈال دیتے ہیں کہ ہم ان قربانیوں کی حفاظت کریں اور حصولِ مقصد تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم نوجوانوں نے اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کے پودے کو سیراب کیا ہے اور یہ قوم ان کی مقروض ہے۔

انہوں نے بیج بہاڑہ میں عوام پر بھارتی فورسز کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض حکمرانوں نے یہاں ماتم کرنے اور اپنے پیاروں کو دفن کرنے پر بھی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے تعزیتی جلسے سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہدا کی بیش بہا قربانیوں کے پیش نظر قوم اورقائدین کو متحد ہونے کا موقع ملا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام آزادی پسند رہنما ایک ہی پلیٹ فارم پر متفقہ پروگرام ساتھ تحریک مزاحمت کو آگے بڑھائیں۔

دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں نے اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دی ہیں اور ہم پر ایک قرض اور ذمہ داری چھوڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہم شہداء کے احسان مند ہیں اور ان قربانیوں کی حفاظت قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش، بلال صدیقی اور خواجہ فردوس نے بھی شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔