سیمنٹ کی صنعت کی شرح نمو میں12فیصد اضافہ

937

رواں مالی سال2016-17ء کے آغاز سے سیمنٹ کی صنعت کی شرح نمو میں12فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں 10 ملین گھروں کی قلت اورچین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ( سی پیک) کے تحت بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کے باعث تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس سے سیمنٹ کی مقامی کھپت میں نمایاں اضافہ ہونے کے باعث سیمنٹ کی ملکی صنعت کی شرح نمو میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔

آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن( اے پی سی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق آئندہ سالوں کے دوران سیمنٹ کی صنعت کی شرح نمو10تا15فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ سے ملک میں سیمنٹ کی کھپت میں بھی اضافہ ہوگا جس کے پیش نظرسیمنٹ ساز ادارے اپنی پیداواری استعداد میں اضافہ کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ پانچ سال کے دوران سمینٹ کی صنعت کی پیداوار میں مزید26 ملین ٹن کا اضافہ کیا جائے گا اور اس حوالے سے چراٹ سیمنٹ نے اپنی پیداوارمیں4500ٹن یومیہ کا اضافہ کیا ہے جبکہ کئی مزید کمپنیاں بھی سیمنٹ کی پیداوار میں اضافہ کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سیمنٹ تیار کرنے والی 10مختلف کمپنیوں نے اپنی پیداواری استعداد کار میں اضافہ کی منصوبہ بندی کی ہے تاکہ سیمنٹ کی بڑھتی ہوئی مقامی طلب کو پورا کیا جاسکے۔