کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آؤٹ

142

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے مابین سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سومیا سرکار 86 اور شکیب الحسن 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ٹم ساؤدی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بنگلہ دیش نے نظم الحسین اور نورالحسن کو ٹیسٹ کیپ دی، بنگلہ دیشی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 7 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب تمیم اقبال پانچ رنز بنانے کے بعد ٹم ساؤدی کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کو دوسرا نقصان 38 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب محمود اللہ 19 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر بی جے واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس موقع پر سومیا سرکار اور شکیب الحسن نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور تیسری وکٹ میں 127 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا سکور 165 تک پہنچا دیا، سومیا سرکار 86 رنز بنانے کے بعد ٹرینٹ بولٹ کا شکار بنے۔

اگلے ہی اوور میں ٹرینٹ بولٹ نے صابر رحمان کو سات کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ شکیب الحسن 59 رنز بناکر ٹم ساؤدی کا نشانہ بنے۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نورالحسن 47 ، نظم الحسین 18 ، مہدی حسن مرزا 10 ، تسکین احمد 8 اور قمر الاسلام دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ روبل حسین 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 289 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ٹم ساؤدی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ٹرینٹ بولٹ نے چار اور نیل ویگنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔