الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کی تیاریوں کے سلسلے میں وزارت خزانہ کو ابتدائی تخمینہ بھجوا دیاہے۔ عام انتخابات 2018کے لئے 5 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے ۔؎
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ 2ارب روپے بیلٹ پیپرز اور2 ارب روپے آپریشنل امورجبکہ1ارب روپے دیگر اخراجات کے لئے رکھنے کی تجویز دی گئی،عام انتخابات کے لئے لگ بھگ 20کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے جانے کا انتظام کیا جائے گا۔گزشتہ عام انتخابات کی نسبت 27 کروڑ روپے زیادہ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
گزشتہ انتخابات میں 18کروڑ 13لاکھ بیلٹ پیپر چھاپے گئے، آئندہ عام انتخابات میں ووٹرز کے اضافہ کی وجہ سے ایک کروڑ 87 لاکھ بیلٹ پیپر زیادہ چھاپے جائیں گے۔آپریشنل امور میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل،ٹرانسپورٹیشن،انتخابی عملہ کا اعزازیہ شامل ہے،سیکورٹی امور،سیاہی اور دیگر انتخابی مواد کی خریداری پر 1ارب خرچ کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔
عام انتخابات پر 5ارب روپے تک خرچ آیا تو یہ ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہوںگے ۔عام انتخابات 2013 پر 4 ارب 73 کروڑ روپے کا خرچ آیا تھا، ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات پر 6ارب سے زائد اخراجات آئے تھے۔