فورسز کا پشاور میں سرچ آپریشن، 9 مشتبہ افراد گرفتار

122

سیکورٹی فورسز نے پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 9 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب بڈھ بیر تھانے کی حدود میں پولیس اور سیکیورٹی فورسزنے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن کیا اور نو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ مشتبہ افراد کے پاس سے 3 پستول، 2 شارٹ مشین گنز اور ایک رائفل بر آمد ہوئی جس کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے  جب کہ مشتبہ افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے صدر مقام پارا چنار کی عیدگاہ مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے بعد ملک بھر میں اہم مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔