کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف شیڈول پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی تین میچز کیلئے سکواڈ کا اعلان کر دیا۔
اسٹار بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز 7 ماہ دوری کے بعد دوبارہ ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے جبکہ کرس مورس کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، نوجوان باؤلر لونگی نگیڈی پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ڈی ویلیئرز نے آخری بار گزشتہ سال جون میں ون ڈے میچ میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔
کیریبین پریمیئر لیگ کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہونے کے باعث وہ سات ماہ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں، پروٹیز کو فاسٹ باؤلر ڈیل سٹین اور مورنے مورکل کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، دونوں کھلاڑی بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔
جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 28 جنوری سے ہو گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کپتان ڈی ویلیئرز، ہاشم آملہ، فرحان بہاردین، کوئنٹن ڈی کوک، جے پی ڈومینی، فاف ڈوپلیسی، عمران طاہر، ڈیوڈ ملر، کرس مورس، ویان پارنیل، لونگی نگیڈی، اینڈائل، ڈیوائن پریٹوریس، کاگیسوربادا اور تبریز شمسی پر مشتمل ہے۔