نیپرا نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ2 روپے22 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی نے بریفنگ کے دوران نیپرا کو بتایا کہ دسمبر میں کل 7 ارب 19 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ فرنس آئل سے37 فیصد، گیس سے26فیصد، ایل این جی سے4 فیصد پانی سے 23 فیصد اور نیوکلیئر سے 6 فیصد بجلی پیدا ہوئی ۔
بریفنگ میں بجلی کی پیداواری لاگت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے سی پی پی اے نے بتایا کہ ایل این جی سے 7 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے فی یونٹ بجلی8 روپے65 پیسے اور مقامی گیس سے5 روپے28 پیسےلاگت آئی۔
نیپرا نے سی پی پی اے کا موقف سننے کے بعد دسمبرکی فیول ایڈجسٹمنٹ میں فی یونٹ2 روپے22 پیسے کمی کی منظوری دی جب کہ قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔