ترکی نے مسلح مخالفین کے زیر قبضہ شام کے شمالی علاقوں میں آزاد پولیس کے نام سے مسلح فورس تعینات کر دی ہے۔
العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آزاد پولیس کے زیرعنوان مسلح فورس شامی حکومت کے مسلح مخالفین کے زیر قبضہ علاقے جرابلس میں تعینات کی گئی ہے ۔ اس فورس کو ترکی میں پانچ ہفتوں تک ٹریننگ دی گئی ہے۔ آزاد پولیس نامی فورس اپنے سروں پر نیلے رنگ کی ٹوپیاں لگائے گی ۔
شہرجرابلس میں تعینات آزاد پولیس فورس کے کمانڈر عبدالرزاق اصلان نے ترکی کی جانب سے اس مسلح فورس کی مالی اور لاجیسٹیک مدد کا اعتراف کرتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اس فورس کی ذمہ داری امن و امان قائم کرنا ، پبلیک مقامات کی حفاظت اور داعش کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں عوام کو خدمات فراہم کرنا ہے۔
دمشق حکومت کی مخالف مسلح تنظیم فری سیرین آرمی نے اگست 2016ء میں شہر جرابلس پر قبضہ کر لیا تھا اور یہ پہلا شہر ہے کہ جس پر ترکی نے شمالی شام میں سپرفرات نامی کارروائیاں شروع ہونے کے بعد اپنے کنٹرول میں لیا ہے۔