پاکستان میں کرپشن کےسرطان کا سر کچلنا ہوگا،لیاقت بلوچ

256

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کے سرطان کا سر کچلنا ناگزیر ہو چکا ہے ، وزیراعظم کے وکیل عدالت اور قوم کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ، تقسیم شدہ مینڈیٹ قومی سیاست کے لئے جان لیوا ثابت ہو رہا ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے این اے 126 کے معززین کے ساتھ عصرانہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آج پاکستان کی صورتحال ناگفتہ بنا دی گئی ہے ۔ انصاف ، انسانی حقوق ، باہمی عزت اور انسانی رشتوں کے احترام کا فقدان پیدا کردیا گیاہے ۔ 70 سال سے جاری ظلم ، ناانصافی ، لوٹ کھسوٹ ، دھونس و دھاندلی ، انگریزوں کے دور سے چلے آنے والا مراعات یافتہ طبقہ ،ناجائز بنیادوں پر نودولتیے، ملک پر قابض خاندان اور قوم کے تنخواہ دار مقتدر حضرات کے بے رحمانہ رویہ کی وجہ سے اس نظام کے خلاف بغاوت کے آثا ر ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن کے سرطان کا سر کچلنا ناگزیر ہے ۔ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے وکیل عدالت اور پوری قوم کو مطمئن کرنے میں ناکام ہیں ۔ پانامہ لیکس پر عدالتی کاروائی سے ہر آنے والا دن عیاں کر رہاہے کہ دال میں کالا نہیں پوری دال ہی کالی ہے ۔ کرپشن کا ہاتھی پورے ثبوت کے ساتھ عدالتی بنچ کے سامنے کھڑا ہے ۔ پوری قوم کی سپریم کورٹ سے بڑی توقعات ہیں ۔عدالت حتمی فیصلہ کرے یا عدالتی کمیشن بنائے ، اپوزیشن جماعتوں کے لیے متحدہ جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2013 ءکے انتخابات پر شکو ک و شبہات کے سائے قائم رہے ۔ تقسیم شدہ مینڈیٹ قومی سیاست کے لیے جان لیوا ثابت ہورہاہے اس لیے 2018 ءکے انتخابات قومی سیاسی دھارے کو بحال کرنے کے لیے بہت اہم ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی ، گیس ، بے روزگاری ، مہنگائی ، سٹریٹ کرائمز کے بدترین بحران پیدا کرر ہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو 2018 ءکے انتخابات میں آٹے دال کا بھاﺅ بھی معلوم ہو جائے گااور یہ انتخابات پاپولر جماعتوں کے لیے خالہ جی کاگھر نہیں ہوگا ۔ دینی جماعتیں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی ۔