جماعت اسلامی کا یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان

262

جماعت اسلامی سندھ کے تحت ملک بھر کی طرح سندھ میں کرا چی تا کشمور پورے صوبہ میں یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا جبکہ 5فروری کو صوبہ بھر میں بھارتی مظالم کیخلاف اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

صوبائی ترجمان کے مطابق ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ، نہتے عوام پر مظالم اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے سیمینار، مذاکرے، جلسہ اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی ومقامی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی ،سماجی تنظیموں کے رہنماءودینی جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔

مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو کراچی، راشد نسیم حیدرآباد، صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی سکھر میں5فروری کو یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں و ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

دریں اثناءجماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے حریت پسند کشمیری عوام پر انسانیت سوز مظالم کرکے پوری انسانیت کو شرمادیا ہے۔ شہید مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیریوں کی تحریک میں ایک نیا جذبہ پیدا کردیا ہے جس کی وجہ سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اب اوچھے ہتکھنڈوں پر اتر آیا ہے۔ مگر اب وہ زیادہ دیر تک کشمیر یوں کے اس جذبہ جہاد کو دبا نہیں سکتا ، صوبائی امیر نے زور دیا کہ عوام ہفتہ یکجہتی کشمیر سمیت 5 فروری کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں۔