کے الیکٹرک اور نادرا نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

266

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اور نادرا کے ادارے شہریوں کو ریلیف دینے کے بجائے دوہرے عذاب میں مبتلا کررہے ہیں ،کے الیکٹرک اور نادرا کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم میں عوام کا مقدمہ لڑے گی ۔وزیر داخلہ چوہدری نثار کسی ایک قوم کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے بجائے دہشت گردوں کو پکڑیں اور بلاک شدہ کارڈ فوری بحال کیے جائیں ، نادرا اور کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ان کے دفاتر کا گھیراؤ کریں گے چیف جسٹس آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف سوموٹو الیکشن لیا۔ان شاء اللہ جماعت اسلامی آپ کی طرف سے مقدمہ لڑے گی اور اس مسئلے میں فریق بھی بنے گی ۔زون گجرو کے ناظم گلبدین بھائی کی بازیابی جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت ہفتہ کی شب زون گجرو میں کے الیکٹرک ، سول انتظامیہ ،نادرا، پولیس ، بلدیاتی مسائل اور ان کے حل کے لیے ایک بڑے ”عوامی جرگہ ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جرگہ سے جنرل سکریٹری ضلع وسطی محمدیوسف ، ضلع وسطی پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما احمدقاری ،امیر زون ملک مقصود احمد ، نائب امیر زون عبد الوحید ،پولیس اورسول انتظامیہ ،لیگل ایڈ کمیٹی کے رہنما سجاد دارا  جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے جنرل سکریٹری نجیب ایوبی ، پبلک ایڈ کمیٹی کے ناظم علاقہ گلبدین بھائی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔عوامی جرگہ میں امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی یونس بارائی،پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما برائے کے الیکٹرک سیل عمران شاہد ، فواد شیروانی ، سید صلاح الدین اور دیگر بھی موجود تھے ۔عوامی جرگہ سے محمدی کالونی کے علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کے الیکٹرک ،نادر ا اور پولیس کی جانب سے ڈھائے گئے مظالم کے خلاف شکایات پیش کیں۔ جن میں ناظمین ، عبد الغفار ، عبد الوحید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عوامی جرگہ کے آغاز بعد نماز مغرب ہوا اور رات دیر گئے جاری رہا ۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے زون گجرو میں محمدی کالونی ، کوئٹہ ٹاؤن، لاسی گوٹھ اور جنجال گوٹھ میں پیش آنے والے عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے پبلک ایڈ کمیٹی کے چار نئے دفاتر کھولنے کا اعلان کیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام اپنے تمام تر مسائل جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے دفاتر میں جمع کرائیں جماعت اسلامی ان شاء اللہ آپ کے مسائل حل کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ پوری امت کی صورتحال یہ ہے کہ زبان کی بنیاد پر ہم بٹے ہوئے ہیں اور تعصب کی سیاست کرنے والے ہمیں استعمال کر کے خود ڈالروں میں کھیل رہے ہیں اور پریشانیاں و مسائل پسی ہوئی عوام کا مقدر بن جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 30سال سے پورے شہر میں تعصب و لسانیت کی سیاست کی گئی جس سے لاکھوں لوگوں کا قتل عام کیا گیا ، بوری بند لاشوں کی سیاسست کی گئی ، بھتہ خوری کا کلچر عام کیا گیا اور تعصب کے نام پر سیاست کرنے والے مزے لیتے رہے اور غریب اور متوسط عوام کا استحصال کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ظلم و زیادتی کا خاتمہ کرنا ہوگا ، پنجابی ، بلوچی ، پٹھان ، سندھی ،افغانی یہ سب ہمارا تعارف ہے ہمیں اپنے تعارف پر فخر ہونا چاہیئے لیکن آپس میں متحد ہوکر بھائی بھائی بن کر رہنا چاہیئے اور تعصب کی سیاست کرنے والوں کے خلاف متحد ہوکر ظالمانہ نظام کا خاتمہ کرنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ 12سال قبل آپ کے لوگوں نے ہی اس علاقے سے اسد اللہ بھٹو اور یونس بارائی کو منتخب کیا تھا اور الحمد للہ جماعت اسلامی نے کام کر کے دکھایا اور مخالف بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ جماعت اسلامی ایسی جماعت ہے جس کی قیادت سے لے کر کارکن تک پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آپ لوگوں کو ایک بار پھر سے اپنے صحیح نمائندوں کو منتخب کرنا ہوگا اور ایک صالح اور امانت دار قیادت کو لانا ہوگا جس سے علاقے کے مسائل حل ہوسکیں ۔