بانی ایم کیو ایم کا نام آئے گا تو مہاجروں کی نسلیں شرمسار ہوں گی،مصطفیٰ کمال

258

پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے وفاقی حکومت کو 30 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم 2018کا انتظار نہیں کرسکتے ، ہمارے مطالبے آج اور ابھی پورے کئے جائیں ،متحدہ بانی کی سیاست دفن کر دی، صرف اللہ کی سٹیبلشمنٹ کا آدمی ہوں،کراچی کے غیور لوگو تمہیں کامیابی مبارک ہو، نئی صبح مبارک ہو، اس کے بعد جلسہ نہیں مسائل کے حل کیلئے لائحہ عمل کا اعلان ہو گا ، کراچی کے لوگوں نے کئی دہائیوں سے کھڑے بتوں کو توڑ دیا ہے، پینشن نہ ملنے کی وجہ سے بزرگ خودکشیاں کر رہے ہیں اور آج کراچی کچرا کنڈی بن گیا ہے، یہاں کی کوئی سڑک نہیں جو ٹوٹی ہوئی نہ ہو،اہل کراچی شعور کے ساتھ ہیں ، ایم کیو ایم والوں کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھ لینا چاہئے۔

6-psp

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تبت سینٹر پر پاک سر زمین پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انھوں نے کہاکہ بھارتی را کا پرانا منصوبہ ہے کہ کراچی میں اتنی قتل وغارت ہو تو پاک فوج کو شہر کا کنٹرول سنبھالنے آنا پڑے ،جنہیں لوگوں نے چوکیدار بنایا تھا وہ چوروں کےساتھ مل گئے اور حکومت کے حصے کا کام ہمیں کرنا پڑ رہا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے غلط بل بھیج کر شہریوں سے 62ارب کمائے وہ واپس کئے جائیں ، مجھے اپنی اسٹیبلشمنٹ اور پاکستان کو بچانا ہے ، میں کسی بھی برے آدمی کو اپنے پاس بلا کر کرائم نہیں کرانا چاہتا ، حکومت بھوکے بچوں کا پیٹ بھرے چاہے اس پر اپنی تختیاں لگا لے۔

انہوں نےکہا کہ پینشن نہ ملنے کی وجہ سے بزرگ خودکشیاں کر رہے ہیں اور آج کراچی کچرا کنڈی بن گیا ہے، یہاں کی کوئی سڑک نہیں جو ٹوٹی ہوئی نہ ہو، اہل کراچی شعور کے ساتھ ہیں اور ایم کیو ایم والوں کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھ لینا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو مہاجروں کے شعور پر شک ہے تو یہ سمندر دیکھ لے، آج مہاجر پختونوں، پنجابیوں، بلوچوں اور سندھیوں کیساتھ ہیں۔انہوں نے اپنی سابق جماعت متحدہ قومی موومنٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم خواہ کسی بھی شکل میں ہو، کامیاب نہیں ہو سکتی۔

مصطفی کمال نے اہل کراچی کو مخاطب کر کے کہا کہ اردو بولنے والو تمہیں جگہ جگہ بیچا گیا۔ مصطفی ٰ کمال نے یہ بھی کہا کہ عوامی عدالت سے آج فیصلہ لینا ہے، اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر اسٹیبشلمنٹ کی سپورٹ کا الزام لگایا گیا، ناعاقبت اندیش لوگو! ہوش کرو، میں اللہ کی اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو قائم رکھنے والوں سے بڑا مہاجروں کا دشمن کوئی اور نہیں کیونکہ ایم کیو ایم کا نام بانی سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ بانی کیلئے 25 ہزار جانوں کا نذرانہ دیا لیکن آج متحدہ بانی کی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں ۔مصطفی کمال نے یہ بھی کہا کہ ہم نے ایک شخص کو مسیحا سمجھا غلطی ہوئی، ایم کیو ایم کو قائم رکھنے والے مہاجروں کی نسلوں کو شرمندہ کرنا چاہتے ہیں۔