راولپنڈی:اغوامیں ناکامی پر ملزمان نے بچی کو آگ لگا دی

247

راولپنڈی میں نامعلوم ملزمان نے 6 سالہ بچی کو اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر بچی کو ہی آگ لگاکر فرار ہوگئے،آگ لگنے سے بچی کا 35 سے 40 فیصد جسم جھلس گیا زندگی بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ڈھوک رتہ امرال میں 6 سالہ ارم کو 5 نامعلوم ملزمان اس کے گھر کے باہر ہی سے اغوا کرنے کی کوشش کی، جس پر بچی نے شور مچانا شروع کیا۔بچی کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد ملزمان بچی کو آگ لگاکر فرار ہوگئے، جسے والدین نے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کردیا۔بچی کے والد آصف خان کے مطابق بچی کا 35 سے 40 فیصد جسم جھلس چکا ہے، بچی کی زندگی بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر اغوا کاروں کا پتہ نہیں چل سکا، تاہم بچی کو آگ کس نے لگائی اس حوالے سے مکمل تفتیش کی جائے گی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔جھلسنے والی بچی ارم کے والد آصف نے بتایاکہ نامعلوم ملزمان ان کے گھر کے دروازے پر ہی بچی کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے اس حوالے سے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی نے بتایا کہ اسے 5 نامعلوم ملزمان نے اغوا کرنے کی کوشش کی اور شور مچانے پر ملزمان نے اسے آگ لگادی۔