حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے،حافظ نعیم الرحمان

192

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 روپے سے زیادہ کے اضافے کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر ظلم اور زیادتی ہے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر غریب عوام پر پڑتا ہے۔ حکومت غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عوامی مسائل اور مشکلات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ ایک طرف پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف سی این جی مالکان کو بھی نرخوں میں اضافے کی کھلی چھوٹ ددے دی گئی ہے ۔مالکان کی جانب سے سی این جی کی قیمتوں میں بھی دو مرتبہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول ،ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے اور غریب عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش نہ کریں ۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ حکومت کو پیٹرول 35روپے فی لیٹر ملتا ہے لیکن عوام کو اب یہ دوگنا قمیت 70روپے فی لیٹر دیا جارہا ہے ۔اسحاق ڈار 6ارب روپے کی سبسڈی کا ڈھنڈورا پیٹنے کے بجائے عوام کو یہ بتائیں کہ یہ اضافی رقم کہاں جاتی ہے اور غریب عوام کی جیبوں کو کیوں خالی کرایا جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیٹرول ،ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں عام آدمی بری طرح متاثر ہو تا ہے ۔اشیاء صرف کی قیمتوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی من مانا اضافہ کر لیا جاتا ہے اور حکومت اور متعلقہ ادارے ان قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کر نے میں مکمل ناکام رہتے ہیں ۔