جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کو مسترد کر دیا

191

امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشرباء اضافے کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے سے زائدفی لٹر اور ایل پی جی کی قیمتوں میں 10روپے فی کلو تک اضافہ کرکے حکمرانوں نے عوام پر ایک مرتبہ پھرمہنگائی بم گرایا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس فیصلے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگااور مہنگائی کاایک نیاطوفان آئے گا۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصد احمد کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ملک میں مہنگائی نے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو شدید متاثر کیا ہے۔لوگوں کودووقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔غربت اور بے روزگاری نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں کے چار سال مکمل ہونے کو ہیں مگر آج بھی عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ پڑھے لکھے نوجوان اپنی ڈگریاں ہاتھوں میں لے کر نوکری کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ روزگار کے مواقع ناپید ہوچکے ہیں۔ توانائی بحران کے باعث صنعتیں بند اور مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی کی نوبت آن پہنچی ہے۔20کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔

میاں مقصود احمد نے کہاکہ ایک طرف حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت مہنگائی میں کئی گنااضافہ ہوچکا ہے جبکہ دوسری جانب کسمپرسی کی حالت میں گزارا کرنے والے سرکاری ملازمین کے یوٹیلیٹی الاؤنسز میں معمولی اضافہ لمحہ فکریہ ہے۔یوٹیلیٹی الاؤنس کومہنگائی کے تناسب سے بڑھاکر اس کے دائرہ کار میں تمام چھوٹے درجے کے سرکاری ملازمین کوبھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خوروں اور زخیرہ اندوزوں کی ملی بھگت سے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔گرانفروشی عروج پر ہے۔پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی موجودگی میں دکاندار کھلے عام عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہوئے مقررہ نرخوں سے کئی گنا زائد قیمتیں وصول کرتے ہیں مگر مجال ہے کہ ان کے خلاف کوئی ایکشن لیاجائے۔حکمرانوں کی جانب سے محض دکھاوے کے اقدامات درحقیقت عوام کو سبزباغ دکھانے کے مترادف ہیں۔