چترال:مکانات پر برفانی تودہ گرنے سے 14 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

177

چترال کے علاقے شیرسال کےمقام پرمکانات پر برفانی تودہ گرنے سے چودہ افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

کمانڈنٹ چترال اسکاؤٹس کے مطابق اتوار کے روز گرم چشمہ کےعلاقےکریم آبادکےقریب واقع شیرسال میں برفانی تودہ گر گیا جس کی زد میں آکر پانچ مکانات دب گئے جس کے نتیجے میں چودہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں 6 خواتین 6 بچےاور2مردشامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو متاثرہ مقام پر پہنچنے میں دشواری کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑکوں پر 4سے5فٹ برف پڑی ہے ہوئی ہے جس کے باعث امدادی کارکن پیدل ہی روانہ کیے جارہےہیں جبکہ بادلوں کی وجہ سے امدادی کاموں کے لئے ہیلی کاپٹر بھی نہیں بھیجا جا سکتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برفانی تودہ گرنے سے سو سے زائد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے جبکہ دب جانے والے گھروں سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالاجا رہا ہے۔

پولیس کا اس حوالے سےمزید کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں تاہم خراب موسم کی وجہ سے زخمیوں کے اسپتال منتقل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔