وزیراعظم بھارت سے توقعات رکھنے کی بجائے قومی کشمیر پالیسی بنائیں،لیاقت بلوچ

234

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، کشمیری کامیاب اور ہندوستان ناکام ہوگا ، وزیراعظم نوازشریف بھارت سے بے جا توقعات رکھنے کی بجائے قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، انشاءاللہ کشمیریوں کا پاکیزہ خون اور خواتین ، نوجوانوں اور طلبہ کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے فیصل آباد میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی 70 سال سے آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے قربانیاں اور استقامت بے مثال اور لازوال ہے۔ بھارتی مظالم ، جبر اور غاصبانہ قبضہ کشمیریوں کے جذبوں کو سرد نہیں کرسکا۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، انشاءاللہ کشمیریوں کا پاکیزہ خون اور خواتین ، نوجوانوں اور طلبہ کی قربانیاں رنگ لائیں گی ، کشمیری کامیاب اور ہندوستان ناکام ہوگا ۔

سردار ظفر حسین خاں ،رانا وسیم ایڈووکیٹ، پروفیسر محبوب الزماں بٹ،غلام عباس خاں ، شیخ افضال شاہین ، جے آئی یوتھ کے صدر رانا عدنان و دیگر رہنما بھی ریلی کی قیادت کی ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عالمی ادارے اور عالم اسلام مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کریں ۔ وزیراعظم نوازشریف بھارت سے بے جا توقعات رکھنے کی بجائے قومی کشمیر پالیسی بنائیں ، وزیر خارجہ مقرر کریں ، مسئلہ کشمیر کو اہمیت دیں اور سفارتی محاذ کو فعال کرنے کے لیے وزیر مملکت خارجہ امور بھی مقرر کریں ۔ عالمی محاذ پر بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی پامالی کو بے نقاب کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کے ذریعے کشمیریوں کے لیے قرار داد کی روشنی میں حق خود ارادیت کا عمل مکمل کرائیں ۔ حکومت پروفیسر محمد سعید کی نظر بندی ختم کرے اور آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد کی جائز سرگرمیوں پر بھارتی اورامریکی خوشنودی کے لیے پابندیاں نہ لگائی جائیں ۔