قطری شہزادے کیساتھ معاہدہ ملکی نہیں نجی نوعیت کا ہے،دانیال عزیز

171

مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہاہے کہ قطری شہزادے کیساتھ کیا جانے والا معاہدہ نجی نوعیت کا ہے ، پاکستان اور قطر کی حکومت کے درمیان ہرگز نہیں۔

اتوار کے روز گفتگو میں دانیال عزیز نے کہا کہ حسین نواز اور ان کے وکلا ہزارہا مرتبہ یہ بات کہہ چکے ہیں ہم نے قطری شہزادے کیساتھ کاروباری معاہدے نجی بنیادوں پر طے کئے تھے لیکن پی ٹی آئی اس بات کو ماننے پر تیار نہیں اور میں نہ مانوں کی رٹ پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر احساس ذمہ داری خود پیدا کرنی ہوگی میں جب بھی پریس کانفرنس کرتا ہوں تمام دستاویزات اور ثبوتوں کی بناپر کرتا ہوں ، پریس کانفرنس شروع ہونے سے پہلے دستاویزات کی کاپیاں موقع پر موجود صحافیوں کو دی جاتی ہیں اور پھر بات شروع کی جاتی ہے۔

دانیال عزیز نے کہا کہ مخالفین مجھے ان کا اصل چہرہ دکھانے پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیتے ہیں تحریک انصاف والے ہیں جو بغیر کچھ سوچے سمجھے کچھ جو منہ میں آتاہے بولنا شروع کردیتے ہیں۔