پرویز رشید نے عمران خان کو جھوٹا قرار دے دیا

182

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختون خوا کو وزیراعلیٰ سب سے اچھا ہے ، میں پوچھتا ہوں کہ کیا وہ بغیر ہوا کے اڑ سکتا ہے ، عمران خان نے کہا تھا کہ بدعنوانی اور پٹواری کلچر کا 90 دنوں میں خاتمہ کر دوں گا ، کیا خاتمہ ہو گیا ، نواز شریف کو جیل میں رکھا گیا تو ماڈل ٹاؤن گھر پر کس نے قبضہ کیا، جو حساب مانگتے ہیں وہ خود حساب بھی دیں ، آج طنز کیا جاتا ہے تضحیک کے جملے بولے جاتے ہیں

ہری پور میں مسلم لیگ ن کےورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے کا وزیر اعلیٰ سب سے اچھا ہے ‘ مخالفین بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کے معترف ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف 24 گھنٹے میں 48 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ سیاستدان ‘ اللہ ‘ پارلیمنٹ اور عدالت کو جوابدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 1999ءسے 2007ءتک کس جرم کی سزا دی گئی۔ جس شخص کے کارخانے میں 10 ہزار افراد کام کرتے تھے اس سے حساب مانگا جا رہا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاﺅن کے گھر پر قبضہ کرنے والوں سے کسی نے پوچھا؟ ہمارے دل بڑے ہیں ہم کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیتے۔ ہم سے حساب لینے والے کبھی اپنا حساب دینے کی بات بھی کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف خاندان کے اثاثوں پر کس نے قبضہ کیا ۔ جدید صنعت کے بانیوں سے پوچھا جا رہا ہے کہ 2 فلیٹ کیسے بنائے ہم پر الزام لگانے والے اپنے دامن کو بھی دیکھیں۔ زبان ہمارے پا س بھی ہے مگر گالی دینا ہمارا شیوہ نہیں ۔ عوامی وزیر اعظم کو کانٹوں پر کیوں گھسیٹا جا رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو عوام سے وعدے کئے وہ پورے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام گواہ ہیں کہ آج کا پاکستان 2013ءسے زیادہ ترقی یافتہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں تبدیلی کا نعرہ لگانے والے عمران خان نے عوام سے جھوٹ بولا تعلیم ‘ روزگار ‘ صحت کے شعبوں کی ابتر صورتحال عمران خان کے جھوٹ کا ثبوت ہے۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پیر صابر شاہ نے کہا کہ پاکستان سے محبت کرنے والوں نے سازشی عناصر کو پیغام دیدیا ہے۔ ہری پور کے عوام نے محمد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک روشنیوں کے سفر پر گامزن ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے دہشت گردی کے جن کو بوتل میں بند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2018ءتک لوڈ شیڈنگ کا بھی مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ عمران خان قوم کو گمراہ کر رہے ہیں۔ عمران خان قوم کی تقدیر بدلنے کے پروگرام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ عالمی ادارے پاکستان کی ترقی کی باتیں کر رہے ہیں۔