کوہاٹ میں دو افراد قتل ، ایک ملزم گرفتار

195

کوہاٹ میں منگنی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ نامعلوم افراد نے نوجوان کو قتل کرکے لاش ویرانے میں پھینک دی۔پولیس نے ایک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ پنڈی روڈ کے علاقہ توغ پایاں میں نوشاد نامی نوجوان اپنی منگنی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کررہا تھا کہ اس دوران پستول لوڈ ان لوڈ کرتے ہوئے اس سے اچانک گولی چل گئی جسکے نتیجے میں وہاں موجود اسکا رشتہ دارطارق حیات ولد حیات محمد گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔ واقعہ کی اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متوفی کے بھائی عارف حیات کی مدعیت میں مبینہ ملزم نوشاد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے آلہ قتل پستول سمیت گرفتار کرلیا۔

ادھر تھانہ بلی ٹنگ کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے گائوں سیاب کے رہائشی نوجوان محمد اسرار ولد شردین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور اسکی لاش بادو زیارت کے ویرانے میں پھینک دی۔ واردات کے بعد نامعلوم ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن اسپتال منتقل کردی جہاں مقتول کے بھائی صالم محمد کی رپورٹ پر تھانہ بلی ٹنگ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تلاش شروع کردی ہے۔

دریں اثناء کوہاٹ بنوں روڈ کے علاقہ بہزادی چکر کوٹ میں مبینہ ملزمان اسد ،فہد اور تین نامعلوم افراد نے مقامی نوجوان محمد جنید ولد جمشید کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔پولیس تھانہ چھائونی نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش اور وقوعہ کے اصل صورتحال کی چھان بین شروع کردی ہے تاہم فوری طور پر وجہ عداوت معلوم نہ ہوسکی۔