نو سو ملین کی لاگت سے شارع فیصل کو کشادہ کرنے کا کام شروع

187

ہوٹل میٹروپول سے اسٹارگیٹ تک شارع فیصل کوکشادہ کرنے کے منصوبے پرکام شروع کردیا گیا ہے منصوبے کے تحت ساڑھے 13 کلومیٹرشارع کی توسیع، فٹ پاتھ ،برساتی نالے کی تعمیرنواوراسترکاری کاکام جون تک مکمل کرلیاجائے گا۔منصوبے پر900 ملین روپے لاگت آئے گی۔

محکمہ بلدیات نے شارع فیصل پر ٹریفک جام کا مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہوٹل میٹروپول سے اسٹارگیٹ تک شارع کوکشادہ کرنے کے لیے کام شروع کردیاہے،منصوبے کے تحت شارع کے دونوں اطراف جہاں3 ٹریک ہیں وہاں ایک اورٹریک کااضافہ کیاجائے گا،ایک ٹریک پر کارساز سے نرسری تک جبکہ دوسرے ٹریک پرنرسری تاکارساز تک شارع کواکھاڑاجارہا ہے۔

انجینئرزنے بتایاہے کہ سڑک کی استرکاری کے لیے شارع کی بالائی سطح کومعمولی اکھاڑا جارہا ہے، جس پرٹریفک رواں ہے اس لیے ٹریفک جام کاکوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم سڑک کی استرکاری کے وقت ٹریفک جام کے مسائل سامنے آسکتے ہیں جس کے لیے منصوبہ بندی کے تحت پہلے 2 ٹریک کی استرکاری کی جائے گی اورایک ٹریک پرٹریفک جاری رہے گا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نیازسومرو نے بتایا کہ شارع فیصل کایہ منصوبہ سڑک کو کشادہ کرنے کاہے جہاں 4 ٹریک موجود نہیں وہاں ایک اور ٹریک کا اضافہ کیا جائے گا جس کے لیے فٹ پاتھ کو چھوٹا کر دیاجائے گا ، ہوٹل میٹروپول تا ریجنٹ پلازہ دونوں اطراف ایک ٹریک کا اضافہ کیا جائے گا۔کارساز تا ناتھ خان پل تک دونوں اطراف ایک ٹریک کااضافہ کیاجائے گا،نرسری کے پاس سڑک کے ایک طرف نیابرساتی نالہ تعمیرکیاجائے گا،سڑک کے دونوں اطراف فٹ پاتھ و برساتی نالے کی تعمیر نواورپتھر لگائے جائیں گے، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اورنئی اسٹریٹ لائٹس بھی لگائی جائیں گی۔

انھوں نے مزیدکہا کہ شارع فیصل شہرکی مصروف ترین سڑک ہے یہاں ٹریفک کی روانی قائم رکھنے کے لیے دیگرمنصوبوں پر بھی ترقیاتی کاموں کاآغازکردیاگیاہے جس میں راشدمنہاس رائٹ ٹرن فلائی اوورکی چھت کی تعمیرنو اورڈرگ روڈ انٹرسیکشن پر انڈر پاس کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہے۔