اگلے سال ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے،وزیراعظم

116

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی پروجیکٹس پر کام کی رفتار اور شفافیت قابل تعریف ہے ، 2018ءتک ملک سے اندھیرے ہمیشہ کے لئے دور ہو جائیں گے‘ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے سے مل کر ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہیں‘ عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے اور اللہ کی مدد سے اس پر عملدرآمد کرر ہے ہیں ترقیاتی پروگرام پر موثر عملدرآمد سے شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے اور اس کے مثبت ثمرات سامنے آرہے ہیں۔

وہ بدھ کے روز لاہور گورنر ہاﺅس لاہور میں وزیراعظم کے پائیدار ترقی پروگرام کے اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ، وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر پلاننگ و ڈویلپمنٹ احسن اقبال ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، شیخ آفتاب، سینیٹر سعود مجید، وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری آصف کرمانی ، صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ خاں ، صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک ، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مذکورہ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتار اور شفافیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے سے مل کر ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے مثبت ثمرات سامنے آرہے ہیں اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر ہو رہا ہے ، پروگرام پر موثر عملدرآمد شہریوں کے معیار زندگی میں مزید بہتری لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر کرنا ہمارا مشن ہے اور اللہ کی مدد سے اس پر عملدرآمد کرر ہے ہیں ۔