پی ایس ایل پاکستان کا امیج ہے دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے،خورشید شاہ

176

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل  پاکستان کا امیج ہے دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے مگر پاکستان سپر لیگ اپنے آغاز میں ہی تنازعات کا شکار ہوگئی  ہے ،پی ایس ایل سے مثبت پیغام کے بجائے منفی تاثر گیا۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا  کہ پی ایس ایل میں میچ فکسنگ کے حوالے جو بھی خبریں آئی ہیں اس میں کھلاڑیوں کی حرص و ہوس کے ساتھ ساتھ انتظامی کوتاہی بھی شامل ہے۔ صرف کھلاڑیوں کا قصور نہیں انتظامی کوتاہی بھی ہے۔ بکیز سے میل جول کاخدشہ تھا تو انتظامات کیوں نہ کئے گئے ، ایونٹ سے پہلے کھلاڑیوں کی اچھی طرح رہنمائی کی جاتی ، بچوں کو غلطی کا موقع دے کر پکڑنا کوئی کمال نہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے میچ فکسنگ کے مسئلے پر کھلاڑیوں کی اچھی طرح رہنمائی کی جاتی تو کھلاڑی ایسے مسائل  سے خود بھی دوچار نہ ہوتے ، عقل مندی کا تقاضہ تھا کہ برائی کو کھلاڑیوں تک  پہنچنے سے پہلے ہی روکا جاتا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ میچ فکسنگ کوئی نیا مسئلہ نہیں ہے لیکن اب تک ایسے مسائل کے تدارک کے لیے کوئی مستقل حل نہیں نکالا جاسکا ہے جس کے باعث پی ایس ایل میں بھی یہ ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا ، کرکٹ میں عہدوں کی تقسیم میرٹ اور پروفیشنلزم  پر ہونی چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے وزیراعظم پاکستان سے میچ فکسنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اس مسئلے کے پائیدار حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی اپیل کی اور کرکٹ میں اعلی عہدوں کی تقسیم میں سیاست کے بجائے میرٹ پر کو ترجیح دینے کا مشورہ بھی دیا۔