کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

192

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم بحیثیت قوم بہت سے مسائل کا شکار ہیں، ملک کا آئین صوبائی خود مختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے، اب میں بھی اس شہر میں بغیر پروٹوکول کے گھومتا ہوں، کراچی کی ترقی کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے ہیں ، پیپلزپارٹی کی نوجوان قیادت ملکی ترقی میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کررہی ہے، تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کہ پہلی ترجیح ہے، تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی کرنا پڑا دریغ نہیں کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جامعہ کراچی میں ” قومی یکجہتی اور علاقائی روابط میں نوجوانوں کے کردار“ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کو کراچی میں خوش آمدید کہتا ہوں، وہ بلا خوف و خطر کراچی گھوم سکتے ہیں، میں خود بغیر پروٹوکول شہر میں گھومتا ہوں ، کراچی کا امن بڑی قربانیوں کے بعد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے، تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیے جو بھی کرنا پڑا دریغ نہیں کریں گے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بیرون ملک اسکول کی سطح پر سیاست پڑھائی جاتی ہے، سیاست کو نوجوانوں کی ضرورت ہے، سیاست کے پلیٹ فارم سے نوجوان ملک و قوم کی خدمت کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کررہی ہے، کراچی کی ترقی کے لیے دس ارب مختص کیے، کراچی کے لیے مزید دس ارب کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی دیں گے، ہم پچاس کروڑ مہینہ کراچی کو دیتے ہیں جس کا زیادہ بجٹ تنخواہوں پر خرچ ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہماری توجہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر مبذول ہے، آئین صوبائی خودمختاری کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، تمام صوبے مل کر ہی ملک کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے، صوبائی مالیاتی کمیشن قائم ہوچکا ہے، صوبائی مالیاتی کمیشن کے تحت وسائل کی منصفانہ تقسیم ہوگی، بلدیاتی اداروں کو اختیارات اسمبلی میں قانون سازی کرکے دیئے ہیں، کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ اختیارات قانون کے منافی ہیں۔