چمن بارڈر:ایف سی اور کسٹم حکام کے مذاکرات ناکام

171

چمن بارڈر پر ایف سی اور کسٹم حکام کے درمیان وزن کے کانٹے کا تنازع مذاکرات کے بعد بھی حل نہیں ہو سکا ہے، جس کی وجہ سے افغان ٹرانزٹ آٹھویں روز بھی معطل رہی۔

کسٹم حکام کے مطابق ایف سی حکام کے ساتھ وزن کے کانٹے کے تنازعے پر مذاکرات بے نتیجہ ثابت ہوئے۔اتوار کے روز بھی بھی افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معطل رہی۔ایف سی حکام کی جانب سے سیل کئے جانے والے کانٹے بحال نہیں کئے جا سکے۔ باب دوستی سمیت کوئٹہ چمن شاہراہ پر کنٹینروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں ڈرائیوروں کے پاس پیسے ختم ہوجانے کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیاہے جبکہ کنٹینروں میں لوڈ چکن، خوراکی اشیا اورزرعی ادویات خراب ہونے لگیں۔ایف سی نے ماڈل کسٹم اور ٹرانزٹ ٹریڈ آفس کی جانب سے منظور شدہ وزن کانٹا بھی تاحال سیل کر رکھا ہے۔