پاکستان کی معیشت پٹڑی پر چڑھ گئی ہے ، اسحاق ڈار

216

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار موجودہ حکومت نے جون 2016ء میں آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے مکمل کیا ہے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے بھر پور محنت کررہے ہیں۔

اسحاق ڈار کا گورنر ہائوس لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  مجھے ہفتے میں کوئی چھٹی نہیں ہوتی اور میں ہفتے میں سات دن کام کرتا ہوں ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کا مشن ٹھوس معاشی پالیسیوں پرعمل کرنا ہے تاکہ پاکستان کو معاشی استحکام کے راستہ پر گامزن کیا جائے اور مستحکم معاشی ترقی کو یقینی بنائے انکا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے انکا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نے میاں نواز شریف کی قیادت میں جون 2013ء میں حکومت سنبھالی اور اﷲ تعالیٰ کی مہربانی سے ہم نے ساڑھے تین سال میں ثابت کیا کہ سخت محنت،عزم اور لگن کیساتھ معجزاتی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے جون 2013ء میں حکومت سنبھالی تو ہمارے سامنے سب سے بڑا چیلنج معاشی عدم استحکام پر قابو پانا تھا جی ڈی پی گروتھ جو کہ اس وقت تین فیصد تھی اس اضافہ  کرنا غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرنا جو کہ اس وقت ایک ماہ کے امپورٹ بل کے برابر تھے توانائی بحران پر قابو پانا اور مالیاتی خسارے پر قابو پانا جو اس وقت 8.8 فیصد کی سطح پر تھا ہماری حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ملک کو ممکنہ ڈیفالٹ سے بچانا تھا جو 2014ء میں ممکنہ طور پر  ہو سکتا ہے۔

جلد از جلد معاشی استحکام حاصل کرنے کے بعد ملکی معیشت کو مستحکم بنانا تھا یہ ہمارا ایجنڈہ تھا یہ (ن) لیگ کے منشور کا حصہ تھا اس کی بنیاد پر  ہماری حکومت نے مئی 2013ء کے انتخابات میں حصہ لیا اور عوام کا مینڈیٹ حاصل کیا۔ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کا منشور چار ایز کے گرد گھومتا ہے میں اس منشور کے لکھنے والوں میں سے ایک ہوں توانائی،معیشت ،شدت پسندی اور تعلیم و صحت ہمارے منشور کا اہم حصہ  ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ہماری پالیسیوں کامرکز یہ چار ایز ہوں گے۔