سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت بدھ کو مقرر

180

سپریم کورٹ  میں پانامالیکس کیس کی سماعت کا آغاز پندرہ روز وقفہ کے بعد بدھ کو ہوگا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزاراحمد، جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اعجازالاحسن  پر مشتمل عدالت عظمی کا پانچ رکنی لارجر بینچ  چئیرمین پاکستان تحریک  انصاف عمران خان، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی جانب سے  دائر درخواستوں کی سماعت کرے گا۔

کیس کی سماعت بدھ اور جمعرات دو روز کیلئے مقرر کی گئی ہے بدھ کو کیس کی اکتیسویں سماعت ہو گی ، دس سماعتیں سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں عدالت عظمی کے بینچ نے کی تھیں جبکہ باقی 20سماعتیں  موجودہ بینچ  نے کی ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے یکم فروری کو پانامالیکس کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کو دل کی تکلیف کے باعث ملتوی کردی تھی بینچ کے ایک رکن  جسٹس شیخ عظمت سعید کو سینے میں  تکلیف محسوس ہوئی جس پر انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) منتقل کیا گیاجہان ڈاکٹر کیانی اور ان کے سٹاف نے فوری طور پر ان کا علاج کیا۔