تیمور کا قتل میڈیا کو خوف زدہ کرنے کی کوشش ہے،حافظ نعیم الرحمان

221

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد بلال علی گڑھ کالونی اورنگی ٹاؤن نمبر 1 میں سماء ٹی وی کے کیمرہ مین تیمور کی نماز جنازہ میں شر کت کی اور تیمور کے اہل خانہ ، سماء ٹی وی کے دیگر کیمرہ مین اور اسٹاف سے ملاقات و دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔

اس موقعے پر ان کے ہمراہ جماعت اسلامی ضلع غربی کے امیر عبد الرزاق خان ،کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،ضلع غربی کے میڈیا سیل کے نگران گل رحیم اور دیگر بھی مو جودتھے ۔

حافظ نعیم الرحمان نے اس مو قع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ ہم سماء ٹی وی کی وین پر فائرنگ اور تیمور کے جاں بحق ہونے والے اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں اورانکے اہل خانہ اور سماء ٹی وی کی پوری ٹیم سے دلی ہمدردی اور اظہار یکجہتی کر تے ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا کہ اس واردات کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے ،حملہ آوروں اور قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر خوف و ہراس اور دہشت گردی کا ماحول پیدا کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ میڈیا پر حملہ آزادئ صحافت پر حملہ اور میڈیاکو خوف زدہ کر نے کی کوشش ہے ۔وزیر اعلیٰ سندھ اور قانون نافذ کر نے والے ادارے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کی کوشش کریں ۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد پکڑے جاتے ہیں لیکن پراسیکیوشن کا نظام ایسا ہے کہ مجرموں کو سزائیں نہیں مل پاتیں ۔جرائم پیشہ افراد کو سیاسی چھتری فراہم ہے ،جب تک مجرموں کو سزائیں نہیں ملیں گی شہر سے جرائم ختم نہیں ہوں گے ۔