لاہور دھماکے میں دو پولیس افسران سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے،آئی جی پنجاب

218

آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ لاہور کے مال روڈ پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 13 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو میں آئی جی پنجاب  نے بتایا کہ ہم نے اپنے بہترین افسر کھوئے ہیں، شہید ہونیوالوں میں6پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور جنگ ضرور جیتیں گے اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ان شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا میں اپنے عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بشمول پاک آرمی اور پولیس سب دہشتگردی کے خلاف جنگ میں یکجان ہیں اور یہ جنگ ہم اپنے لوگوں کے تعاون سے جیتنی ہے۔

مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ پولیس کے ہر افسر اور جوان نے اپنی قوم کی حفاظت کی قسم کھا رکھی ہے اس کے لیے ہم نے بہت قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی اس وقت تک دیتے رہیں گے جب تک اس دھرتی کو دہشت گردوں کے ناپاک جسم سے پاک نہیں کر دیتے انشاء اللہ یہ جنگ جیتنے تک جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھماکہ 6بجکر 10منٹ پر ہوا۔ فارماسیوٹیکل انڈسٹری سے وابستہ افراد نے مظاہرے کا اہتمام کیا ہوا تھا پولیس نے چاروں طرف گھیرے میں لیا ہوا تھا،آئی  جی پنجاب کا کہنا تھا کہ مال روڈ پر ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری ایک کالعدم تنظیم نے قبول کی ہے۔