پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزماں کائرہ کی پنجاب حکومت پر تنقید

201

پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمرزماں کائرہ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرانا وفاقی حکومت کا کام تھا جس میں وہ بری طرح ناکام رہی ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل در آمد کرانے پر ناکامی کا اعتراف وزیراعظم خود بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب میں امن و امان کی روز بہ روز مخدوش ہوتی صورتِ حال کے پیش نظر اگر رینجرز کی تعیناتی ضروری ہے ہو تو کسی دوسرے سانحہ کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر رینجرز کو تعینات کردینا چاہیے۔

قمر الزماں کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب حکومت رینجرز کو تعینات نہیں کرنا چاہتی تو کم از کم پولیس کو ہی سیاسی دبا وسے آزاد کر کے فری ہینڈ دے دیا جائے تو پنجاب پولیس بھی امن قائم کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا ہمیں اپنی فورسز پر فخر ہے اور سیکورٹی ادارے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بھی دی ہیں۔ہمارے دور میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں واضح کامیابیاں حاصل ہوئی تھیں اور ہمارے دور میں ہی سوات میں امن لایا گیا تھا جس کے لیے سیکیورٹی اداروں نے قربانیاں دیں۔