حافظ نعیم الرحمان کی گورنر سندھ محمد زبیر عمرسے ملاقات

104

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے گورنر سندھ محمد زبیر عمر سے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی اور شہرکی سیاسی صورتحال ،ترقیاتی منصوبوں ،ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری انتخابی نظام میں اصلاحات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری عبدالوہاب ،نائب امراءمظفر ہاشمی ، مسلم پرویز ،ڈپٹی سیکریٹری سیف الدین ایڈوکیٹ اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔

گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ میرے دروازے تمام سیاسی پارٹیوں کے لیے کھلے ہیں اور یہ یقین دلایا کہ شفاف مردم شماری کے لیے فوج کی مدد لی جارہی ہے اور انتخابی اصلاحات کے ذریعے منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہہ رگ ہے ،ملک کی ترقی شہر کی ترقی میں مضمر ہے ۔صوبے میں تمام افراد کو باہم مل کر سندھ کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا ۔

حافظ نعیم الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی ایک اہم سیاسی جماعت ہے اسے جب بھی بطور میئر یا سٹی ناظم کی حیثیت سے خدمت کرنے کا موقع ملا ہے اس نے شہر کراچی کی خدمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور انتخابی نظام کو صاف وشفاف بنایا جائے فوج اور رینجرز کی نگرانی میں گنتی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ الیکشن منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوسکیں ۔

Hafiz-Naeem-addressing-media-outside-Sindh-Governor-House-1

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بحالی کے لیے تمام مجرموں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کرنا ہوگی ۔ حکومت اور ارباب اختیار پرانے مجرموں کو نہلا دھلا کر اور نئے چہرے دلا کر شہر پر مسلط کرنا چاہتے ہیں تو یہ کسی بھی طرح شہر کی ترقی کے مفاد میں بہتر نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ 30سال کی بند گلی کی سیاست نے لسانیت و تعصب کی بنیاد پر عوام کو دھوکے میں رکھا جس سے سب سے زیادہ نقصان کراچی کے شہریوں کو ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ مجرموں کو پاک صاف کرنے کے لیے ڈرائی کلین کرنے کی فیکٹریاں ختم اورقاتلوں او رمجرموں کی سخت سزائیں دیناہوں گی ۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہری کے الیکٹرک اور نادرا کے مظالم سے شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں کے الیکٹرک نے اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے ذریعے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے اور اسی طرح نادرا نے بھی عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھائے قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے لمبی لمبی قطاریں لگائی جاتی ہیں قطاروں کا سلسلہ رات سے جاری رہتا ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ محبت وطن بنگالیوں ،پختونوں اور سابقہ مشرقی پاکستان کے وہ لوگ جنہوں نے دو دفعہ ہجرت کی انہیں قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ نادرا اور کے الیکٹرک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاق کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی کو کوڑا کرکٹ ،گندگی سے پاک کرنے ،سڑکوں کی تعمیر اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا چاہیے ۔