سعودی عرب میں سیلاب نے تباہی مچادی، ایک شخص جاں بحق

185

سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر میں سیلاب نے تباہی مچادی، ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ امدادی کارکنوں نے سینکڑوں افراد کو بچالیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ عسیر میں سیلاب کے باعث ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ 280 سے زائد افراد کوبچالیا گیا ہے، ابھا اور خمس مشیط کے جنوبی شہروں میں 900 سے زائد ایمرجنسی سیل قائم کئے گئے ہیں۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ سیلاب کے باعث سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور ابھا ڈیم کے علاقے میں سائرن کے ذریعے لوگوں کو متنبہ کیا جارہا ہے، شدید بارش کی وجہ سے متعدد اسکول بھی بند رہے۔گورنر صوبہ عسیر شہزادہ فیصل بن خالد نے ایمرجنسی اور سول ڈیفینس کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ خطے میں خراب موسمی صورتحال سے بچا کی کوشش جاری رکھی جائیں۔

گورنر آفس کے ترجمان سعد بن عبداللہ الثابت نے کہا کہ لوگوں کے تحفظ کیلئے انہیں ابھا ڈیم کے علاقے میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور ایمرجنسی و سول ڈیفینس کمیٹی کی طرف سے شہریوں کے تحفظ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔