اعزاز چوہدری امریکا میں نئے پاکستانی سفیر تعینات

224

سینئر سفارتکار اور سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کو امریکہ میں نیا پاکستانی سفیر تعینات کر دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اعزاز احمد چوہدری 36 سال سے وزارت خارجہ میں تعینات ہیں اور سفارتکاری کی شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس وقت وہ دسمبر 2013ء سے سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر تعینات ہیں۔ اس سے پہلے وہ دفتر خارجہ کے ترجمان کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے وزارت خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ و تخفیف اسلحہ امور، ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا امور تعینات رہے ہیں اور اس دوران بھارت کے ساتھ امن عمل میں انہوں نے کام کیا ہے۔

بیرون ملک وہ نیدر لینڈ میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں جبکہ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ کے لئے انہوں نے موثر سفارتکاری کی ہے۔ وہ ایک کتاب کے بھی مصنف ہیں۔ اعزاز احمد چوہدری اقوام متحدہ میں پاکستان کے ڈپٹی مستقل نمائندے، ای سی او میں کیبنٹ کے سیکرٹری جنرل اور واشنگٹن، دوحہ اور قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات رہ چکے ہیں۔

اعزاز احمد چوہدری 27 فروری 1958ء کو پیدا ہوئے۔ فلیشفر سکول آف لاء اینڈ ڈپلومیسی سے انہوں نے بین الاقوامی تعلقات کے شعبے میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی جبکہ پنجاب یونیورسٹی لاہور سے انہوں نے بیچلر آف سائنس کی ڈگری حاصل کی۔ وہ شادی شدہ ہیں اور 3 بچوں کے باپ ہیں۔ اعزاز احمد چوہدری اگلے ماہ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔