بھارت ایل او سی پر کشیدگی بڑھاکر دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹاناچاہتاہے،نفیس زکریا

170

دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے، بھارت کنٹرول لائن پر کشیدگی پیدا کر کے مقبوضہ کشمیر میںکشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری ٹی سے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا یہ بات جانتی ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس کی سب سے اہم اور بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ جب تک یہ تنازعہ حل نہیں ہوتا خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ سمیت ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے ، آسٹریلوی سینیٹر نے متعدد بار اس مسئلے کو آسٹریلوی پارلیمنٹ میں بھی اٹھایا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم پر بھرپور طریقے سے بات کی ہے، اسی طرح برطانیہ سمیت یورپی یونین اور دیگر اہم فورمز پر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کافی ایونٹس ہو رہے ہیں جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ عالمی سطح پر بھارت کے اوپر دباﺅ بڑھایا جا رہا ہے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی اپنی ایک رپورٹ میں یہ بات دکھائی ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں کے ساتھ کیا کچھ کر رہا ہے، ایل او سی پر بھارتی دراندازی کی وجہ ہی یہ ہے کہ اس کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوتا جا رہا ہے جس پر وہ پریشانی کا شکار ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں اور فائرنگ سے شہید ہونے والے ہمارے بہادر جوانوں کی شہادت پر ہمیں بہت افسوس ہے جبکہ بھارتی جنگی جنون سے معصوم شہری بھی نشانہ بن رہے ہیں جنکی سفارتی سطح پر مذمت کے ساتھ ساتھ مزید اقدامات بھی کر رہے ہیں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی رابطے میں ہیں تاکہ بھارت کے مذموم عزائم کو دنیا کے سامنے رکھا جا سکے۔