پی ایس ایکس میں مندی ، 100 انڈیکس میں 553 پوائنٹس کی کمی

146

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 553.76 پوائنٹس کی کمی سے 49214.15 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 88 ارب 36 کروڑ 82 لاکھ 87 ہزار 359 روپے کی کمی رونماءہوئی تاہم تجارتی حجم میں 6 کروڑ 44 لاکھ 59 ہزار 340 روپے کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں بھی 25 کروڑ 75 لاکھ 63 ہزار 732 حصص کا اضافہ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو پی ایس ایکس میں حصص کی فروخت کے دباﺅ اور مارکیٹ کریکشن کے باعث مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 553.76 پوائنٹس کی کمی سے 49214.15 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 303.70 پوائنٹس کی مندی سے 26632.84 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 304.10 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 920.96 پوائنٹس کی مندی رونماءہوئی۔

مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 229.50 پوائنٹس کی کمی سے 20170.64 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 151.26 پوائنٹس کی مندی سے 17623.47 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پی ایس ایکس – کے ایم آئی انڈیکس 225.47 پوائنٹس کی کمی سے 23350.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں مجموعی طور پر 413 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 102 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 297 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 106.66 روپے کے اضافے سے 4370 روپے پر بند ہوئی۔

اسی طرح سروس انڈسٹری لمیٹڈ کے حصص کی سودے بھی 67.22 روپے کی تیزی سے 1517.22 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی سانوفیل ایونٹس اور ہینوپاک موٹر کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت 76.89 روپے کی مندی سے 2575 روپے اور ہینوپاک موٹر کے حصص کی قیمت بھی 54.01 روپے کی کمی سے 1621.25 روپے رہ گئی۔

سب سے زیادہ کاروبار کے الیکٹرک لمیٹڈ کے حصص میں ہوا جو 4 کروڑ 53 لاکھ 68 ہزار شیئرز رہا جس کی قیمت 10.11 روپے سے شروع ہو کر 9.92 روپے پر بند ہوئی جبکہ پاور سیمنٹ لمیٹڈ کے 3 کروڑ 94 لاکھ 29 ہزار 500 حصص کے سودے 20.15 روپے سے شروع ہو کر 20.72 روپے بند ہوئے۔ مجموعی طور پر 41 کروڑ 75 لاکھ 25 ہزار 550 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 17 ارب 46 کروڑ 76 لاکھ 19 ہزار 374 روپے رہا۔

مارکیٹ کیپیٹل 98 کھرب 22 ارب 90 کروڑ 17 لاکھ 2 ہزار 289 روپے سے کم ہو کر 97 کھرب 34 ارب 53 کروڑ 34 لاکھ 14 ہزار 930 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 106 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 30 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 5 کروڑ 62 لاکھ 78 ہزار 700 حصص کا کاروبار ہوا۔