قطری ایلچی نے عالم اسلام کو شرمندہ کر دیا

230

قطر کے خصوصی ایلچی نے عالم اسلام کا سر شرم سے جھکا دیا ۔ کہتے ہیں فلسطینی رہنما اپنی ہی قوم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں جبکہ اسرائیل فلسطین کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار قطر کے خصوصی ایلچی محمد العمادی نے اسرائیلی ذرائع کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، محمد العمادی کا کہنا تھا کہ بعض معاملات میں فلسطینی رہنما اپنے شہریوں کی بہتر زندگی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں جبکہ اسرائیل ترقی کے منصوبوں پر کام کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں اسرائیلی اہلکاروں اور ایجنسیوں سے رابطے میں ہوں اور اسرائیل کے ساتھ ہمارا تعلق شاندار ہے۔

العمادی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایک اہم معاہدے میں شامل ہونے پر رضا مندی ظاہر کر دی تھی لیکن فلسطینی اتھارٹی اس کیلئے تیار نہیں تھی۔

قطر کے خصوصی ایلچی نے بتایا کہ غزہ کے توانائی مسائل حل کرنے کیلئے ایک ٹیکنیکل کمیٹی بنانے کی تجویز دی گئی تھی جس میں غزہ، قطر، اقوام متحدہ اور کچھ دیگر اداروں کے ماہرین کو شامل کیا جانا تھا۔

العمادی کا کہنا تھا کہ اسرائیل اس کمیٹی کے قیام پر تیار تھا لیکن کچھ اور طاقتیں اس کیلئے تیار نہیں۔

یاد رہے کہ قطر اور اسرائیل کے درمیان سرکاری سطح پر تعلقات نہیں ہیں لیکن العمادی کے حالیہ انٹرویو کو قطر کی جانب سے اہم تبدیلی کے واضح اشارے کو واضح طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مسلم ممالک نے جہاں قطر کے خصوصی ایلچی کے خیالات کو فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی سے تشبیع دی ہے ، وہیں ٹائمز آف اسرائیل نے بڑے فاخرانہ انداز میں اس بیان کو شائع کیا ہے۔