پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف دفاع کیلئے پرعزم ہے،خواجہ آصف

137

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ عالمی برادری خصوصاً ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے تاہم حکومت پاکستان کے قومی مفادات کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کے خلاف سرحدوں کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔

وہ جعمرات کو پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے پاک فضائیہ کے حوالے کرنے سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر دفاعی آلات کی تیاری میں خودانحصاری ہی قومی دفاع کو مضبوط بنانے کا واحد ذریعہ ہے۔وفاقی وزیرخواجہ محمد آصف نے کہا کہ حکومت مستقبل میں پاک فضائیہ کو آپریشنل طیاروں خصوصاً اسکے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے پروگرام کے لئے فنڈز کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے اہم کردار کو سراہا جس کی بدولت نہ صرف ملک میں امن واستحکام قائم ہوا بلکہ پاکستان کی معیشت بھی تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوئی ہے۔

خواجہ آصف نے جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی مشترکہ تیاری میں تعاون فراہم کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے کی صلاحیت کا دنیا بھر میں جدت کے چوتھے مرحلے کے لڑاکا طیاروں کی صلاحیت سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔